• منگل. اگست 19th, 2025

منقبت سلطان الہند خواجہ غریب نواز

Byhindustannewz.in

جنوری 18, 2024

ڈاکٹر واحد نظیر، اسسٹنٹ پروفیسر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی

زمیں سے عرش تک شُہرہ معین الدین چشتی کا

کہاں بجتا نہیں ڈنکا معین الدین چشتی کا

اندھیرے پر اجالے کا نشانِ فتح ونصرت ہے

رہے گنبد یہ تابندہ معین الدین چشتی کا

دیارِ ہند ظلم و جبر سے تجھ کو رہائی دی

تجھے لازم ہے پڑھ خطبہ معین الدین چشتی کا

زمانہ چاہے جس کا ہو، حکومت چاہے جس کی ہو

یہاں جاری رہا سکّہ معین الدین چشتی کا

تجھے جنت بنایا اے وطن جس نے، ہم اُس کے ہیں

گلے میں دیکھ لے پٹّا معین الدین چشتی کا

جو ہیں اہلِ نظر، اپنے پرائے جانتے ہیں سب

ہے امن و آشتی صدقہ معین الدین چشتی کا

نظر ٹھہری ہوئی اپنی، انا ساگر کی وسعت پر

تصور میں مگر، کوزہ معین الدین چشتی کا

عطا حیران ہو جائے، گدا سلطان ہو جائے

کرے گُن گان کوئی کیا معین الدین چشتی کا

نظیرآنکھوں میں جلوےاور نَفَس میں خوشبوئیں بھر لے

کہ ہے پیشِ نظر روضہ معین الدین چشتی کا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے