• منگل. اگست 19th, 2025

ڈاکٹرشمس اقبال :اُمید کی ایک نئی کرن

Byhindustannewz.in

مارچ 20, 2024

ڈاکٹر جہاں گیر حسن


قومی کونسل برائے فروغ اُردو ایک عالمی ادارہ ہےاور اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے،نیز اپنی ناقابل فراموش خدمات و کارنامےکےلیےپوری دنیا میں مشہورومعروف ہے۔ قومی کونسل کے مقاصد میںایک اہم اور نمایاں مقصد شرحِ خواندگی اور کتاب کلچر کا فروغ ہے۔ پچھلے دو برسوں تک قومی کونسل اپنےڈائریکٹر کی سرپرستی سے محروم رہی اور اپنی شایان شان خدمات انجام نہیں دے پائی جس کا افسوس واِحساس ہر دردمند ِاُردو کوشدت سےتھا۔ لیکن اب جب کہ ڈاکٹر شمس اقبال، قومی کونسل کے ڈائریکٹر منتخب کرلیے گئے ہیں، تو عالمانِ اُردو میں ایک اطمینا ن پیدا ہوئی ہےاوریہ اُمید قوی جتائی جارہی ہےکہ اُردو کی ترویج و اشاعت کے سلسلے میںڈائریکٹر موصوف ایک نئی کرن ثابت ہوں گے۔

چوں کہ ڈاکٹر شمس اقبال ماضی میں نیشنل بک ٹرسٹ، دہلی جیسے اہم سرکاری شعبے میں ادارتی منصب پر فائز رہ چکے ہیں، لائق وفائق مترجم کی حیثیت رکھتے ہیں، قومی کونسل کے شعبۂ اشاعت میں بحیثیت پیلی کیشن آفیسر اپنی خدمات دے چکے ہیں،گویافروغ اُردو اور اشاعت کتب سے متعلق عمدہ تجربات رکھتے ہیں اِس لیے امکان قوی ہے کہ ڈائریکٹرموصوف اپنے سابقہ خدمات وکارنامےکی روایت کو برقرار رَکھتے ہوئے اور بھی بہتر طریقے سے اپنا فریضہ انجام دیں گے اور قومی کونسل برائے فروغِ اُردو کو ترقیات کی رفعتوں سے ہم کنار کریں گے۔جیساکہ اپنے استقبالیہ کےموقع پراُنھوں نےاپنے اِس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہابھی کہ قومی کونسل کی باوقار شناخت کو مزید مستحکم کیا جائےگااور اُس کے ذریعے چلائی جارہی فروغ اُردو کی اسکیموں کو دور دراز تک پہنچانے کا عمل بخوبی کیا جائےگا۔
المختصر!قومی کونسل کے ڈائریکٹر منتخب ہونےاور چارج سنبھالنے پر ہم ڈاکٹر شمس اقبال کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ساتھ ہی اُن کے حق میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے