یوم غزالی کے موقع پر مسابقہ میں شریک ہوکر طلبا نے اپنی صلاحیتیوں کا مظاہرہ کیا
؍ 6؍جنوری 2024ء( پریس ریلیز، سید سراواں) جامعہ عارفیہ دینی و عصری علوم اور اِصلاح وتربیت کا حسین سنگم ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف اپنی تعلیمی وفکری حیثیت سے ایک منفرد مقام رکھتا ہے بلکہ اپنے طلبا میں نصابی صلاحیت پیدا کرنے کے ساتھ اُن کے اندر رُوپوش اضافی لیاقتوں کو نکھارنے پر بھی خاصا زور دیتا ہے۔ اِس کے پیش نظرماہانہ علمی وفکری اور ثقافتی پروگرام منعقدکیا جاتا ہے اور اِس کے ساتھ طلبا کی تنظیم’’جمیعۃ الطلبہ‘‘کے زیر انتظام ’’جشنِ یوم غزالی‘‘ کے نام سے سالانہ مسابقاتی پروگرام بھی منعقد کیے جاتےہیں جن کے تحت تحریری و تقریری مقابلے، علمی وفقہی مباحثے، حفظ قرآن و حفظ حدیث، تجوید وقرأت، بیت بازی، معلومات عامہ وغیرہ متعدد مسابقاتی پروگرام ہوتے ہیں۔ یہ خالص علمی وفکری اور ثقافتی پروگرام اپنے متعینہ تاریخ 28؍دسمبر2023ءسے شروع ہوکربتاریخ4؍جنوری 2024ء اَپنے اختتام کو پہنچا۔ ’’یوم غزالی‘‘ پر منعقد اِس مقابلہ جاتی پروگرام کی خاص بات یہ رہی کہ امسال مقابلے میں ’’فن آرٹ‘‘ کو بھی جگہ دی گئی تھی اور لطف کی بات یہ ہے کہ طلبا نے اِس مقابلے میں خاطرخواہ حصہ بھی لیا اور اپنے اندر چھپے آرٹ کے فن کوبخوبی اُجاگر کیا۔ کل ملاکر اِمسال تقریباً22؍مقابلہ جاتی پروگرام منعقد ہوئے جن میں تمام طلبا نے بڑے ہی جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔
واضح رہے کہ 4؍ جنوری کو ’’محفلِ مولائے مومنین‘‘،حضرت صدیق اکبر، حجۃ الاسلام امام غزالی اور سلسلہ صفویہ کے بزرگ حضرت حفیظ اللہ سے منسوب پروگرام منعقد ہوا اور اِسی موقع پر سرپرست محفل حضور داعی اسلام شیخ ابوسعید دام ظلہ اورمہمان خصوصی ڈاکٹر شاہد اختر، ممبر قومی کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ، نئی دہلی کے ہاتھوں اَول، دوم، سوم پوزیشن حاصل کرنے والے تمام طلبا بطور اِنعامات شیلڈ، سرٹیفیکیٹ اور کتابوں سے نوازے گئے۔ اِس موقع پر حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ وحضرت حفیظ اللہ قدس سرہٗ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ مولانا ضیاءالرحمٰن علیمی نے حجۃ الاسلام کے معتدل و متوازن نظریات وخیالات پر بخوبی روشنی ڈالی اور کہا: ہر اَہل علم کو اِمام غزالی کی ضرورت کل بھی تھی، آج بھی ہے اور کل بھی رہےگی۔
اِس سے پہلے پروگرام کا آغازتلاوت کلام پاک اور نعتیہ کلام سے ہوا۔ صدارت حضرت مولانا حسن سعید صفوی نے فرمائی اور نیابت حضرت مولانا حسین سعید صفوی نے۔ جب کہ نظامت کا فریضہ ڈاکٹر مجیب الرحمن علیمی نے انجام دیا اور جملہ انتظامی امور اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں ناظم جامعہ ماسٹر ساجد سعیدی نے اپنا پورا تعاون پیش کیا، جب کہ پرنسپل جامعہ حضرت علامہ عمران ثقافی کی کامل حمایت حاصل رہی۔ اِس کے علاوہ جملہ اساتذہ کی مخلصانہ کوششوں نے اِس پروگرام کو ثمردار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بالخصوص غزالی ڈے میں جامعہ کے طلبا کی تنظیم ’’جمیعۃ الطلبہ‘‘کی حیثیت روح رواں کی ہوتی ہے اور جملہ لوازمات و انعامات کے انتظام کی ذمہ داری طلبا تنظیم کے سر ہوتی ہے۔ امسال تنظیم کی تمام تر ذمہ داری مولانا اشتیاق احمد مصطفائی اور مولانا حامد رضا سعیدی نے اجتماعی طورپر سر اِنجام دی۔(ہندوستان نیوز ڈیسک)
